اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات شبلی فراز نے وزیراعظم عمران خان کو عوام کا ''تابعدار'' جبکہ چوروں لٹیروں کیلئے ''تھانیدار'' قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں جب بھی بریف کیس، چھانگا مانگا، ہارس ٹریڈنگ، دو نمبری اور کرپشن کا ذکر آنے پر ہمیشہ نواز شریف کا نام ہی ذہن میں نام آئے گا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں شبلی فراز نے ن لیگی قیادت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کی اصلیت عوام کے سامنے کچھ اور جبکہ اصل میں کچھ اور ہے۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ آج ایک دوسرے کے گھر مہمان بننے والے ماضی میں ایک دوسرے کو سڑکوں پر گھسیٹنے کے دعوے کرتے تھے۔ مریم نواز کا لاڑکانہ جانا اس تاریخی حقیقیت کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ یہ لوگ اندر سے ایک دوسرے کے بہن بھائی ہیں، ان کی لڑائی صرف اوپر سے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان سیاستدانوں کے پاس عوام کیلئے کچھ نہیں ہے۔ یہ کا ایجنڈا صرف اپنی ذات ہے اور اسی پر ہی ختم ہوتا ہے۔ یہ لوگ سابق وزرائے اعظم بینظیر اور ذوالفقار کے نظریات اور فلسفے کے شدید مخالف تھے جو آج انھیں کے گھر براجمان بن کر بیٹھے ہیں۔ آج بھٹو اور بینظیر کی روحوں کو تکلیف پہنچ رہی ہوگی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے بھی اپنی ٹویٹ میں سیاسی مخالفین کو خوب تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا ہے کہ ایسا ٹولہ جس نے ذوالفقار علی بھٹو کے حقیقی وارثوں کو ان کا حق نہیں دیا، وہ مظلوم سندھی عوام کو کیا انصاف دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے اصل وارث آج دربدر کی ٹھوکریں کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں جبکہ وراثت پر ناجائز طور پر قبضہ کرنے والے جمہوریت کیخلاف سازشیں کر رہے ہیں۔