برطانیہ کی مشہور اداکارہ کے پورسل 57 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں

The famous British actress passed away at the age of 57
کیپشن: فائل فوٹو

لندن: برطانوی اداکارہ کے پورسل انتقال کر گئی ہیں۔ آنجہانی اداکارہ کی عمر 57 سال تھی۔ انہوں نے ایمرڈیل اور ٹریسی بیکرز ریٹرنز سمیت دیگر مشہور ٹیلی وژن سیریز میں کام کیا اور داد وتحسین حاصل کی۔

اداکارہ پورسل کے ٹویٹر اکاؤنٹ سے ان کے انتقال کی خبر دی گئی۔ آنجہانی اداکارہ 2017ء سے چھاتی کے سرطان جیسے موذی مرض میں مبتلا تھیں۔ تاہم رواں سال کے آغاز میں ہی انھیں جگر کے سرطان نے بھی جکڑ لیا تھا۔

ابھی حال ہی میں انہوں نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ سے ایک پراعتماد پوسٹ میں لکھا تھا کہ اگرچہ وہ بیماریوں سے نبرد آزما ہیں تاہم اس کے باوجود وہ ان سے ہار نہیں مانیں گی، وہ جلد 60 سال کی ہو جائیں گی۔ میں اب بھی بھرور زندگی بسر کرنا چاہتی ہوں۔ میں اپنی زندگی کا ہر روز بھرپور طریقے سے گزارتی ہوں۔

تاہم ان کی یہ خواہش پوری نہ ہو سکی اور وہ انتقال کر گئیں۔ کے پورسل 1963ء میں برطانیہ کے علاقے لے لینڈ میں پیدا ہوئیں تھیں۔ انہوں نے کورونیشن سٹریٹ اور سٹریٹ اینڈ کیجویلٹیز میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا کر سب کو اپنا گرویدہ بنا لیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور پے در پے ایسی ٹی وی سیریز دیں جس میں ان کی ایکٹنگ کو لوگ اب بھی یاد کرتے ہیں۔

انہوں نے سیلبرٹی فٹ کلب اور واٹرلو روڈ میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔ اس کے علاوہ آنجہانی اداکارہ سو آکورڈ میں بھی جلوہ گر ہوئیں۔ اس ڈرامے میں انہوں نے مسز رینیسن کا کردار خوب نبھایا۔ اس میں ان کے مدمقابل اداکار آرچی لیونڈ ہرسٹ تھے۔

2009ء میں کے پورسل نے ایک مینجمنٹ کمپنی قائم کر لی تھی۔ آنجہانی اداکارہ نے اپنے خاندان میں تین بچے چھوڑے ہیں جن میں ایشلے، شیمار اور انڈیکا شامل ہیں۔