نیب نے صحیح طریقے سے کیس پیش کیا تو شہباز شریف کی سیاست ختم ہے: شیخ رشید

If NAB presents the case correctly, Shahbaz Sharif's politics is over: Sheikh Rasheed
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہاز شریف کیخلاف بہت سنجیدہ قسم کے الزامات ہیں، اگر قومی احتساب بیورو نے ان کیخلاف صحیح طریقے سے عدالت میں کیس پیش کیا تو ان کی سیاست ختم ہو جائے گی۔

وزیر داخلہ نے اہم باتیں گزشتہ روز ایک نجی ٹیلی وژن کو خصوصی انٹرویو کے دوران کہیں۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ قومی ادارے پاکستان کو کبھی بھی عدم استحکام کی طرف نہیں جانے دیں گے۔ سیاستدانوں کو مل بیٹھ کر کوئی درمیانی راستہ نکالنا ہوگا۔ بات زیادہ نہیں بڑھنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں سب سے زیادہ فائدہ سابق صدر آصف زرداری اٹھا رہے ہیں۔

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پر انہوں نے کڑی تنقید کرتے ہوئے انھیں فساد کی جڑ قرار دیا اور کہا کہ وہ اسلام کی آڑ لے کر سیاست کرتے ہیں۔ جنوری میں فیصلہ کر لیا جائے گا کہ ان سے کس طرح نمٹنا ہے۔ اپوزیشن اگر بند گلی میں گئی تو اس کا نقصان اسے ہی ہوگا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ سب اپوزیشن جماعتیں استعفوں کے حق میں بالکل نہیں ہیں۔ حزب اختلاف کی جماعتیں ناصرف ضمنی الیکشن بلکہ سینیٹ کے انتخابات میں بھی حصہ لیں گی۔

اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کی جانب سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی دھمکیوں پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں پنجاب حکومت پہلے سے ہی مکمل حکمت عملی تیار کر چکی ہے، وزیراعظم عمران خان کیساتھ ملاقات میں وزارت داخلہ اس بارے میں بات کرے گی۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ٹائپ کیا گیا استعفیٰ کبھی قبول نہیں کیا جاتا، مسلم لیگ (ن) والوں کو سب پتا ہے، وہ اس معاملے میں بہت سمجھدار لوگ ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کے اہم معاملے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ بہت غلط کھیل رہے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ ان کی بیٹی مریم نواز کو ان کی سیاست منتل ہو جائے۔