لاہور: لاہور سمیت پنجاب بھر میں رات سے شدید دھند چھائی ہوئی ہے۔ موسمی صورتحال کے پیش نظر موٹرویز کو متعدد مقامات پر بند کر دیا گیا ہے۔ دیگر شاہراہوں پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کی وجہ سے شہری دوران سفر فوگ لائٹ کا استعمال کرنے لگے ہیں۔
موٹروے پولیس نے ڈرائیور حضرات کو غیر ضروری سفر نہ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ شدید دھند کے باعث ٹرینوں اور جہازوں کی آمدورفت کا نظام بھی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج دوپہر کے وقت بارش کی نوید سنا دی ہے۔
تفصیل کے مطابق دھند کی سفید چادر نے لاہور سمیت پنجاب بھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہونے کی وجہ سے موٹروے کئی مقامات پر بند ہے۔
دھند کے باعث ٹرینوں اور جہازوں کی آمدورفت کا نظام درہم برہم ہے، لاہور سے اسلام آباد اور سیالکوٹ موٹروے مکمل بند کر دی گئی ہے۔ دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہونے کی وجہ سے شہروں میں بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے پنجاب سمیت ملک کے دیگر حصوں میں بارش جبکہ گلگت بلتستان اور دیگر علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا، دیر، چترال، سوات، بونیر، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مردان، پشاور، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، کرم، کوہاٹ، بنوں، ٹانک، ڈی آئی خان اور وزیرستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔
گزشتہ روز سہ پہر سے ہی دھند نے لاہور سمیت اس کے اردگرد کے علاقوں اور دیگر شہروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ شدید سردی کے باعث لوگوں کو گیس کی کمی کا سامنا بھی رہا کئی علاقوں میں لوڈشیڈنگ بھی رپورٹ ہوئی جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔