ماؤنٹ مونگا نوئی ٹیسٹ: کین ولیمسن کی شاندار سنچری، کیوی ٹیم 431 رنز بنا کر آؤٹ

09:37 AM, 27 Dec, 2020

ماؤنٹ مونگا نوئی ٹیسٹ: پاکستان اور میزبان نیوزی لینڈ کے درمیان ماؤنٹ مونگا نوئی میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم 431 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ہے۔ پہلی اننگز میں کین ولیمسن کی شاندار بلے بازی رہی انہوں نے 129 رنز بنائے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ٹیسٹ میچ کے پہلے دن میزبان ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز بنائے تھے۔ آج کپتان کین ولیمسن نے دوسرے بلے باز ہنری نکولس کے ہمراہ دوسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا۔ گزشتہ دنوں کین ولیمسن نے چورانے جبکہ ہنری نکولس نے بیالیس رنز پر اپنے پہلے روز کے کھیل کا اختتام کیا تھا۔ 

دوسرے روز کے کھیل میں ہی ہنری نکولس جلد ہی آؤٹ ہو گئے تاہم وہ اپنی نصف سنچی بنانے میں کامیاب رہے، انہوں نے چھپن رنز بنائے۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن اپنے کیریئر کی تئیسویں سنچری بنانے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے 129 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

دیگر بلے بازوں میں ٹاہم لیتھم 4، ٹام بلنڈیل 5، روس ٹیلز 70، بی جے ویٹنگ 73، مچل سینٹنر 19، کائیل جیمزسن 32 جبکہ نیل ویگنر نے 19 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی کامیاب گیند باز رہے، انہوں نے پہلی اننگز میں 36 اوور کرائے، جن میں سے 7 میں انہوں نے کیوی کھلاڑیوں کو کوئی رنز بنانے نہیں دیئے۔ انہوں نے 109 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ان کے علاوہ یاسر شاہ نے 3 جبکہ محمد عباس، فہیم اشرف اور نسیم شاہ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ کرکٹ مبصرین کا کہنا ہے کہ کیوی ٹیم کی جانب سے مہمان کھلاڑیوں کیلئے پہاڑ جیسا ہدف کھڑا کیا گیا ہے۔ نوجوان پاکستانی کھلاڑیوں کیلئے اسے حاصل کرنا بظاہر مشکل نظر آ رہا ہے۔

مزیدخبریں