اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فرنس آئل کی درآمد پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ وزیراعظم نے تیل اور بجلی کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ،سوئی ناردرن، سوئی سدرن اور پی ایس او کے بورڈز کی تشکیل نو کا حکم دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وزیر خزانہ، وزیر پٹرولیم، وزیر توانائی اور متعلقہ وفاقی سیکریٹری نے شرکت کی۔وزیراعظم کو توانائی سیکٹر میں مانگ اور ترسیل کی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی گئی جب کہ موسم سرما کے لئے گیس مینجمنٹ پلان سے بھی آگاہ کیا گیا۔
کابینہ کمیٹی نے توانائی بحران پر بنائی گئی رپورٹ کو مسترد کردیا جبکہ وزیراعظم نے سیکریٹری پیٹرولیم کو 48 گھنٹوں میں نئی سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کر دی۔عمران خان نے گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی یقینی بنانے اور فرنس آئل امپورٹ کرنے پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے. اجلاس میں کابینہ کمیٹی نے اوگرا آرڈیننس میں ترمیم کی منظوری دی اور ایل این جی کی قیمت پر نظر ثانی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعرات کو گیارہ بجے دن وزیراعظم آفس میں طلب کر لیا ہے۔ اجلاس کا تیرہ نکاتی ایجنڈا بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق وزارت خزانہ نے چین کی کیپیٹل مارکیٹ میں بانڈز جاری کرنے کی اجازت مانگی ہے۔
وفاقی کابینہ کے کل کے اجلاس ایجنڈے میں سٹیل مل کیلئے سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری کو بھی شامل کیا گیا ،کابینہ میں صحت کے شعبے میں فلسطین کے ساتھ معاہدے کی منظوری دی جائے گی۔ چیئرمین نیپرا، ممبران کی تقرری اور تنخواہ اور دیگر مراعات پر غور کیا جائے گا۔ موبائل کمپنیوں کی لائسنس کی تجدید بھی کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔