(ن) لیگ متحد ہے اور متحد رہے گی : خواجہ عمران نذیر

09:46 PM, 27 Dec, 2017


لاہور: پاکستان مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر محمد پرویز ملک وجنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) متحد ہے اور متحد رہے گی‘ جمہوری حکومت مدت پوری کرے گی۔


ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن پاک فوج کے پیچھے کھڑی ہیں‘ گذشتہ ساڑھے چار سالوں میں افواج پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے جو میگا پلان بنائے ہیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اس میں بھرپور مدد دی ہے اور حکومت کے ساتھ ساتھ پاکستان کے کروڑوں عوام نے چٹان کی طرح متحد ہو کردہشت گردی کا مقابلہ کیا ہے جس سے دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ گئی ہے، امیر اور غریب میں تفاوت کو کم کرنا ہے۔


انہوں نے کہا کہ ہم 70 برس کے دوران وہ نظام نہیں لاسکے جس کے ذریعے سب کو ان کے حقوق ملیں،آئیں ہم سب مل کر بوسیدہ نظام بدلیں اور پاکستان میں حقیقی معنوں میں فلاحی نظام لائیں۔ پاکستان کو قرضوں سے جان چھڑا کر اپنے پائوں پر کھڑا ہونا ہے۔ خود انحصاری کی سوچ اپنالیں تو پاکستان عظیم ملک بنے گا۔ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی اور 3 فوجی جوانوں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مزیدخبریں