بے نظیر کو عداالتوں میں گھسیٹنے والے چوری ثابت ہونے پر انصاف مانگ رہے ہیں، بلاول

07:01 PM, 27 Dec, 2017

لاڑکانہ : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بینظیر بھٹو کو جن حکمرانوں نے عدالتوں میں گھسیٹا اور چور کہا آج ان کی چوری ثابت ہونے پر انصاف کی دہائی دے رہے ہیں اور ذوالفقار علی بھٹو کے نام لے کر اپنے آپ کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
گڑھی خدا بخش میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بینظیر کو دنیا بھر میں اسلام کا امن پسند چہرہ دکھانے، آئین و جمہوریت کا دفاع کرنے، دہشت گردی کے خلاف بات کرنے، بہادری دکھانے اور عوام کے ساتھ محبت کی سزا دی گئی۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن برسی کا نہیں بلکہ یومِ شہادت ہے اور یہ اس طرح منایا جاتا ہے جس میں ہماری روح بے چین ہو جاتی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ دنیا دہشت گردی کی آگ میں جل رہی ہے اور دنیا میں کوئی آواز اور قیادت موجود نہیں جو مسلمانوں کی رہنمائی کر سکے اور پوری دنیا کے مظلوم بینظیر کو پکار رہے ہیں۔انہوں نے کہا میری قائد آپ نے 30 سال جمہوریت کے لئے جدوجہد کی، آمر کے خلاف جلاوطنی کاٹی اور جیل کی اذیت جھیلی، صوبوں کے حقوق کی بات کی اور این ایف سی ایوارڈ دے کر صوبوں کو حقوق دیئے۔‘انہوں نے کہا کہ ملک کی مشرقی اور مغربی سرحدیں غیر محفوظ ہیں اور پاکستان دنیا میں اکیلا ہوتا جارہا ہے۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے تعلیم کے لئے اسکول جانے والی بچیوں کے لیے وظیفہ مقرر کیا، سندھ میں بجلی پیدا کرنے کے لئے سولر اور ونڈ پاور منصوبے بنائے، چھوٹے چھوٹے ڈیم بنا کر پانی زخیرہ کیا۔ عدلیہ کی بحالی کے لئے پیپلز پارٹی کے کارکنان نے اپنی جان کے نذرانے پیش کیے لیکن پیپلز پارٹی کو اس عدلیہ سے انصاف نہیں ملا لیکن پھر بھی عدلیہ کی آزادی اور وقار کے لئے جدوجہد جاری رہے گی۔اپنی تقریر کا اختتام کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے جذباتی انداز میں ’قاتل قاتل مشرف قاتل‘ کے نعرے بھی لگوائے۔

مزیدخبریں