وزیراعظم نے ہزارہ موٹروے کے برہان تاشاہ انٹرچینج سیکشن کا افتتاح کر دیا

03:35 PM, 27 Dec, 2017

برہان: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی آج ہزارہ موٹروے کے برہان تا شاہ مقصود انٹرچینج سیکشن کا افتتاح کر دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا منصوبے کے متعلق سنا بھی نہیں تھا لیکن نواز شریف نے کہا منصوبہ مکمل کرنا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا ہم نے خدمت کی سیاست کی ہے اور الزام تراشی کا جواب کام سے دیا جبکہ ہم نے 2030 تک کیلئے پاکستان کو بجلی میں خودکفیل کر دیا ہے۔ جتنی سڑکیں اس دور حکومت میں بنیں وہ 66 سال میں نہیں بنیں اور ماضی میں بھی ن لیگ نے منصوبے لگائے آج بھی لگا رہی ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ آصف زرداری کے دور حکومت کا کوئی ایک منصوبہ دکھا دیں لیکن آج خنجراب سے گوادر تک  منصوبوں کا جال بچھا ہوا ہے۔ماضی کے حکمران بتائیں وسائل کہاں خرچ کیے جبکہ دھرنے میں بہتان تراشی کا جواب ہم نے سچ سے دیا۔

موٹروے سیکشن برہان تاشاہ مقصودانٹرچینج 47 کلومیٹرطویل ہے. ہزارہ موٹروے کا منصوبہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا اہم سیکشن ہے جب کہ یہ خیبرپختونخوا میں ایم 1 کی تکمیل کے بعد موٹروے کی تعمیر کا دوسرا منصوبہ ہے۔

6  رویہ ہزارہ موٹروے برہان تاحویلیاں کی لمبائی تقریباً 57 کلومیٹر ہے۔ ہزارہ موٹروے پر 30 پُل، فلائی اوورز اور 31 انڈر پاسز ہیں جب کہ اسے تین سال سے بھی کم عرصے میں مکمل کیا گیا ہے۔

ہزارہ موٹروے کی تعمیر سے حطار انڈسٹریل ایریا، ہوری پور اور حویلیاں کےعوام کوفائدہ ہوگا، موٹروے سے ایبٹ آباد اور شمالی علاقہ جات کی تقریباً 60 لاکھ کی آبادی کو فائدہ ہو گا جب کہ موٹروے پر روزانہ تقریباً 28 ہزار گاڑیاں سفر کریں گی ۔

ترجمان وزیراعظم ہاؤس کا کہنا ہے کہ کراچی تا لاہور موٹروے منصوبہ بھی آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں