چمن: قومی شناختی کارڈ کے حصول کے لئے بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں اب راتوں کو بھی قطاریں لگنے لگی ہیں۔قومی شناختی کارڈ کا حصول کسی وقت آسان ہوا کرتا تھا مگر اب ایسا نہیں ، اب تو شناختی کارڈ کا حصول ایک مشکل کام بن گیا ہے جس کا اندازہ سرحدی شہر چمن میں نادرا کے دفتر میں لگی اس قطار سے بہ آسانی لگایا جاسکتا ہے ۔چمن شہرکی ایک خاص بات یہ ہے کہ یہاں اب نادرا کے دفاتر میں راتوں کو بھی لوگوں کی قطاریں لگی رہتی ہیں۔
شناختی کارڈ کے حصول کے لئے نادرا آفس آنے والوں میں ایسے لوگ بھی ہیں جوساری رات نادرا آفس میں گزارتے ہیں تاکہ صبح ان کی باری جلدی آسکے مگر انہیں یہ دیکھ کر انتہائی مایوسی ہوتی ہے کہ نادرا آفس کا عملہ دن چڑھے اپنی مرضی سے آتا اور جاتا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ تمام تر دستاویزات کی موجودگی کے باوجود ان کا شناختی کارڈ نہیں بنتا اس رویئے سے وہ تنگ آچکے ہیں ۔
چمن کے مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ وفاقی وزارت داخلہ نادرا آفس چمن کے عملے کو قواعدکا پابند بنائے اور شریف شہریوں کو بلا وجہ تنگ کرنے کے واقعات کی تحقیقات کرائی جائیں ۔