میلبرن: دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف 4وکٹوں کے نقصان پر232 رنز بنا لئے ہیں،اظہر علی نے آسٹریلیا کے خلاف شاندار سینچری بنا ڈالی۔کھانے کے وقفے کے بعد بارش کے باعث میچ روک دیا گیا تھا تاہم اب دوبارہ شروع ہوچکا ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والی سیریزکے دوسرے میلبرن ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان نے پہلی اننگز میں چار وکٹوں پر ایک سو بیالیس رنزبنائے تھے۔ میلبرن ٹیسٹ کے پہلے دن کا کھیل بارش سے متاثر ہوا۔ مصباح الحق اور یونس خان کوئی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں اس بار پھر ناکام رہے۔ میلبرن میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کامیاب ثابت نہ ہوا اور بیٹنگ ایک بار پھر آزمائش بن گئی۔ پاکستانی ٹیم میں راحت علی کی جگہ سہیل خان کو شامل کیا گیا جب کہ آسٹریلوی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔اٹھارہ رنز پر سمیع اسلم نے ساتھ چھوڑدیا۔ رنز بننا شروع ہوئے تو بابر اعظم کو 23 رنز کے انفرادی اسکور پر پویلین کا پروانہ مل گیا۔
یونس خان صرف اکیس رنزبنا کر بولڈ ہوگئے۔ کپتان مصباح الحق نے چھکا لگا کر اننگز کا آغاز کیا لیکن نو رنز بنا کر وہ بھی ہمت ہارگئے۔اظہرعلی نے مزاحمت جاری رکھتے ہوئے نصف سینچری بنائی۔ بارش کے باعث چائے کا وقفہ وقت سے پہلے دیا گیا لیکن پھر کھیل شروع نہ ہوسکا۔ ابتدائی روز پچاس اعشاریہ پانچ اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا۔دوسرے روز کے کھیل کے آغاز پر اظہر علی اور اسد شفیق وکٹ پرموجود ہیں۔