واشنگٹن: امریکی صدارتی الیکشن میں ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے حکمراں جماعت کی امیدوار کملا ہیرس کے ساتھ ایک نشریاتی ادارے پر ہونے والے مباحثے میں شرکت نہ کرنے کی دھمکی دی ہے۔
سابق امریکی صدر اور موجودہ صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی حریف امیدوار کملا ہیرس کے ساتھ مباحثے میں شرکت کے لیے شرائط رکھ دیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ ٹی وی چینل پر براہ راست ہاٹ مائکس پر کملا ہیرس کے ساتھ مباحثے سے راہ فرار اختیار کرنا چاہتے ہیں کیوں کہ کملا ہیرس چاہتی ہیں کہ مباحثے کے دوران فریقین کے مائیک ہمہ وقت کھلے ہوئے ہوں۔
کملا ہیرس کی ٹیم نے ٹی وی چینل کو بتایا ہے کہ اگر ایک امیدوار تقریر کر رہا تھا تو دوسرے کا مائیک بھی کھلا ہونا چاہیے تھے تاکہ درست موقع پر تصحیح کردی جائے اور کسی کو غلط بیانی کا موقع نہ ملے۔
تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے اس اقدام کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اگر ٹی وی چینل نے ایسا کیا تو وہ مباحثے میں شرکت نہیں کریں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹی وی چینل ABC پر تعصب کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ میں اس نیٹ ورک پر کملا ہیرس کے خلاف بحث کیوں کروں گا؟ “دیکھتے رہو، آگے کیا ہوتا ہے!!!”
یاد رہے کہ قبل ازیں ٹرمپ نے کہا تھا کہ مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ میں مائیک کھلا رکھنا چاہتا ہوں لیکن معاہدہ یہ تھا کہ یہ مباحثہ بھی ویسا ہی ہوگا جیسا کہ پچھلی بار ہوا تھا یعنی بغیر مائیک کھولے۔
ٹرمپ نے مزید کہا تھا کہ میں اس پر زیادہ وقت نہیں خرچ کر رہا ہوں۔ مجھے لگتا ہے کہ میں نے اپنی پوری زندگی ایک بحث کے لیے تیار کی ہے۔