راولپنڈی : پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس یرموک نے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے دوران عمان کا دورہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پی این ایس یرموک نے رائل نیوی آف عمان کے جہاز کے ساتھ بحری مشق میں حصہ لیا، ان مشقوں کا مقصد بحری افواج کے مابین باہمی تعاون کو فروغ دینا، سمندر میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کرنا اور علاقائی امن و استحکام کا قیام ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دورہ عمان کے دوران جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نےعمان کے عسکری حکام سے ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، پاک بحریہ بحری سلامتی کو لاحق خطرات کے خلاف علاقائی امن و استحکام کے مشترکہ مقصد کے تحت دیگر بحری افواج کے ساتھ باقاعدگی سے مشقیں کرتی ہے ۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کے جنگی جہاز سمندر میں نظم و نسق برقرار رکھنے کے لیے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول پر باقاعدگی سے تعینات ہوتے ہیں، دورہ عمان اور بحری مشق میں شمولیت پاک بحریہ کی جانب سے علاقائی استحکام، بین الاقوامی تعاون اور بحری صلاحیتوں کے فروغ کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔