لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے بھکاری مافیا چیفس کے گرد شکنجہ سخت کر دیا،انسداد گداگری کے قانون میں ترامیم منظور کر لی گئی جس کے بعد بھیک منگوانا ناقابل ضمانت جرم قرار دے دیا گیا۔
پنجاب کابینہ نے The Punjab Vagrancy Ordinance 1958میں اہم ترامیم منظور کر لیں،کسی ایک شخص سے بھیک منگوانے والے مافیا چیف کو 3 سال قید اور 1 لاکھ سے 3 لاکھ جرمانہ یا دونوں ہوں گے،جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید 6 ماہ قید کی سزا ہوگی۔
ایک سے زائد لوگوں سے بھیک منگوانے والے کو 3 سے 5 سے سال قید اور 3 سے 5 لاکھ جرمانہ یا دونوں ہونگے، بچوں سے بھیک منگوانے والے مافیا چیف کو 5 سے 7 سال قید اور 5 لاکھ سے 7 لاکھ جرمانہ ہوگا جبکہ جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید 1 سال قید کی سزا ہوگی۔
کسی بچے یا بڑے کو جبری معذور کر کے بھیک منگوانے والے کو 7 سے 10 سال قید اور 10 لاکھ سے 20 لاکھ جرمانہ ہوگا، جرمانے کی عدم ادائیگی پر مافیا لیڈر کو مزید 2 سال قید کی سزا ہوگی۔ ایک بار سزا پانے والا شخص اگر جرم دہرائے گا تو آرڈیننس میں دی گئی سزا سے دوگنی سزا اور جرمانہ ہو گا۔