پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس، ویل چیئر اور بلائنڈ کرکٹ کیلئے 70-70 لاکھ روپے کی گرانٹ کی منظوری ،سٹیڈیمز میں سولر پینلز کی تنصیب کی تجویز بھی مان لی گئی

07:19 PM, 27 Aug, 2023

نیوویب ڈیسک

کراچی:پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس، ویل چیئر اور بلائنڈ کرکٹ کیلئے گرانٹ منظورکی گئی ہے۔ دونوں کے لیے 70-70 لاکھ روپے کی گرانٹ کی منظوری دی جبکہ اجلاس میں سٹیڈیمز میں سولر پینلز کی تنصیب کی تجویز بھی منظور کرلی گئی۔

پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے  دوسرے اجلاس میں  آئی سی سی فنانشل ماڈل پر ارکان کو اعتماد میں لینے کے بعد نئے مالی سال کا بجیٹ منظوری کے علاوہ ویل چیئر اور بلائنڈ کرکٹ کیلئے گرانٹ منظور کر لی گئی۔چیئرمین ذکا اشرف کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں مینجمنٹ کمیٹی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ملک میں کرکٹ کی ترقی اور کامیابی کا عمل جاری رکھنے کیلئے کرکٹ آپریشنز، ڈیولپمنٹ کرکٹ کے ڈھانچے اور حکمت عملی کے متعدد اقدامات اور بجٹ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں کمیٹی ارکان نے متفقہ طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے مالی سال 2023-24 کا بجٹ منظور کرلیا۔پی سی بی کے مطابق گرانٹ کی منظور کا مقصد ہے کہ دونوں ایسوسی ایشنوں سے وابستہ کھلاڑیوں کو بھی اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع مل سکیں، بلائنڈ ٹیم نے برمنگھم میں منعقدہ ورلڈ گیمز میں گولزڈ میڈل جیتا ہے۔

مینجمنٹ کمیٹی نے شائقین کیلئے سہولتوں میں بہتری کیلئے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم سمیت مختلف سٹیڈیموں کے سٹینڈز میں کرسیاں نصب کرنے اور ان کی مرمت کرنے کا بھی فیصلہ کیا تاکہ شائقین آرام دہ نشتوں پر بیٹھ کر کھیل کے لمحات سے لطف اندوز ہوسکیں۔

قومی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین انضمام الحق اجلاس میں آن لائن شریک ہوئے جبکہ سندھ سے تعلق رکھنے والے ارکان نے اجلاس کراچی میں منعقد کرنے پر ذکا اشرف کا شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں