پشاور : سابق وزیر دفاع اور عمران خان کے قریبی ساتھی پرویز خٹک نے کہا ہے کہ عمران خان ذاتی طور پر کرپٹ نہیں ہے، عمران خان کی کرپشن پر کچھ نہیں کہہ سکتا ہوں کیونکہ جب اقتدار میں تھے تو ایسے کام ہوئے تھے لیکن کس نے فائدہ اٹھایا اس بات کا علم نہیں ہے۔
اردو ویب سائٹ وی نیوز کو انٹرویو میں سربراہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پارلیمنٹیرینز پرویز خٹک نے کہا کہ عمران خان پر چار بڑے کیسز ہیں، سائفر، 9 مئی، بحریہ ٹاون پیسے واپس لانے کا کیس، اور توشہ خانہ کیس یہ بہت اہم اور سنگین نوعیت کے کیسز ہیں جن سے بچنا ان کے لیے مشکل ہے۔
پرویز خٹک نے کہاکہ عمران خان ہماری بات آرام سے سنتے تھے لیکن اس پرعمل درآمد نہیں کرتے تھے، کیونکہ آخر میں جو بھی ان کے کان میں بات کردیتا تھا وہ اس پر عمل کرتے تھے اور ہماری سنی کو ان سنی کردیتے تھے۔
ایک سوال کے جواب میں پرویز خٹک نے کہاکہ عمران خان کی کرپشن پر کچھ نہیں کہہ سکتے، کیونکہ مجھے اس بارے میں کوئی علم نہیں ہے۔ جب اقتدار میں تھے تو ایسے کام ہوئے تھے لیکن کس نے فائدہ اٹھایا اس کا علم نہیں ہے، یہ بات واضح ہے کہ عمران خان خود کرپٹ نہیں ہیں۔
سربراہ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کا کہنا تھاکہ ان کی نئی جماعت بن چکی ہے جس کے چیئرمین وہ خود ہیں، جبکہ محمود خان وائس چئیرمین ہیں۔ مزید لوگ بھی شمیولیت اختیار کررہے ہیں، اب ہم پارٹی کو مضبوط کر رہے ہیں۔
ایک سوال کہ عمران خان کی کوئی ایک عادت جس پر آپ بھی عمل فکر رہے ہیں؟ جواب میں پرویز خٹک نے کہا کہ عمران خان کی ایک ہی عادت ہے جو مرضی کرو، اتنے اعتماد کے ساتھ جھوٹ بولو کہ لوگ سچ مان لیں۔