جہلم : پورے ملک میں سیلاب نے تباہی مچائی ہوئی ہے۔ چاروں صوبوں میں عوام مدد کیلئے پکار رہی ہے لیکن سابق وزیر اعظم عمران خان نے جلسے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
جہلم میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مسٹر وائے کو مشن دیا ہوا ہے پاکستان کی سب سے بڑی پارٹی کو تباہ کرنے کا۔ مسٹروائے ملک کے ساتھ غداری کر رہے ہیں۔ وہ ایسی پارٹی کو تباہ کرنا چاہتے ہیں جو تمام صوبوں میں ہے اور صوبوں کو متحد رکھ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا حکومت کے آئی ایم ایف معاہدے کی شرط پر عملدرآمد سے انکار پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مفتاح اسماعیل کہتے ہیں صوبے سرپلس دینگے، ملک میں سیلاب سے تباہی آئی ہے صوبے کہاں سے سرپلس دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خواہ کا وزیرخزانہ 2 ماہ سے مفتاح اسماعیل سے وقت مانگ رہا ہے، لیکن وہ ملاقات نہیں کررہے، آج مفتاح اسماعیل کہتے ہیں پی ٹی آئی آئی ایم ایف کا پروگرام منسوخ کرانا چاہتی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ جب کورونا آیا تھا تو آئی ایم ایف سربراہ سے بات کرکے ریلیف لیا تھا، اس وقت بھی ملک میں سیلاب آیا ہوا ہے، مفتاح اسماعیل تھوڑا جگرا پیدا کریں اور گوری چمڑی سے اتنا خوفزدہ نہ ہوں، آئی ایم ایف سے بات کرکے ریلیف لیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ان لوگوں کو ہارٹ ٹرانسپلانٹ کرانا چاہیے ہوسکتا ہے تھوڑی دلیری آجائے، ہمارے ملک کا وزیراعظم غلامی کی باتیں کرتا ہے ایسے میں کون ہم پر یقین کرے گا، ان لوگوں کا چوری کا پیسہ ملک سے باہر پڑا ہے یہ ان ممالک کے غلام ہیں۔