سجاول: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایک سیاسی جماعت ایسی سیاست کر رہی ہے جس سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے، اس سے بڑی ملک کے ساتھ کوئی سازش نہیں ہو سکتی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سجاول میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا وفاقی حکومت پورے ملک کے سیلاب زدگان کیلئے 38 ارب روپے فراہم کرے گی اور ہر خاندان کو 25 ہزار روپے دئیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے سندھ کو 15 ارب روپے کی گرانٹ دی ہے اور باقی صوبوں کو بھی یہ امداد دی جائے گی، سندھ میں چاروں طرف پانی پھیلا ہوا ہے اور کوئی جگہ خشک نہیں، امدادی کام تیزی سے جاری ہے اور کوشش ہے کہ متاثرین کی بروقت مدد کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ شمالی علاقوں میں بھی سیلاب اوربارشوں سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے، ہمیں نوشہرہ کے حوالے سے الرٹ رہنا ہو گا، سوات اور کالام میں سیلابی ریلے سے ہوٹل، گھر، عمارتیں اور مکانات تباہ ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ متاثرین سیلاب کیلئے ہیلی کاپٹرز اور کشتیوں کے ذریعے امداد فراہم کررہے ہیں، ہمیں ہمت سے کام لینا ہو گا اور مل کر موجودہ صورتحال سے نمٹنا ہو گا،نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) کے ساتھ مل کر بحالی کا کام کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ملک میں ایک سیاسی جماعت کی سیاست سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے اور اس سے بڑی ملک کے ساتھ کوئی سازش نہیں ہو سکتی۔
ایک جماعت کی سیاست سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے: وزیراعظم
03:34 PM, 27 Aug, 2022