دریائے کابل میں اونچے درجے کا سیلاب، پانی نوشہرہ میں داخل

دریائے کابل میں اونچے درجے کا سیلاب، پانی نوشہرہ میں داخل

نوشہرہ: دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب آ گیا ہے اور منڈا ہیڈورکس ٹوٹنے کے باعث  سیلابی ریلا نوشہرہ میں داخل ہونے سے گھروں میں 4 فٹ تک پانی جمع ہو چکا ہے۔ 


تفصیلات کے مطابق ضلع چارسدہ کے قریب واقع منڈا ہیڈ ورکس سیلابی پانی کی وجہ سے دو حصوں سے ٹوٹ گیا اور سیلابی ریلہ نوشہرہ اور چارسدہ کے رہائشی علاقوں میں داخل ہو گیا جس کے باعث دیہاتوں میں لوگ مکانات کی چھتوں پر پناہ لینے پر مجبور ہو گئے۔

ڈپٹی کمشنر نوشہرہ کے مطابق چند گھنٹوں میں دریائے کابل سے 4 لاکھ کیوسک کا ریلہ گزرنے ک خدشہ ہے جبکہ ماناخیل کے مقام پر حفاظتی بند میں شگاف پڑنے سے پانی پولیس لائن میں داخل ہو چکا ہے۔ 


ذرائع کے مطابق کئی علاقوں میں لوگ اپنے مکان خالی کر کے مویشیوں سمیت محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کرگئے ہیں جبکہ مردان پل پر لوگوں کا رش لگ گیا اور ان میں شدید خوف وہراس پھیلا ہوا ہے۔ 


فلاحی اداروں اور ریسکیو1122 کی ٹیموں نے سینکڑوں محصور افراد کو کشتیوں میں محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا جبکہ نوشہرہ کلاں کے مقام پر دریا کابل کا حفاظتی پشتہ ٹوٹ گیا جس کی وجہ سے سیلابی پانی آبادی میں داخل ہو گیا۔ 

مصنف کے بارے میں