پشاور: سیلاب اور بارشوں کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید45 افراد جاں بحق ہو گئے اور مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 982 تک پہنچ گئی ہے، خیبرپختونخوا میں سیلاب کے بعد تمام سرکاری عمارات سیلاب متاثرین کیلئے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ سیلاب، بارشوں سے بلوچستان میں 234، کے پی میں 19 افراد کا انتقال ہوا جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کے پی میں 10، سندھ میں 33 جبکہ پنجاب میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
این ڈی ایم اے کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیلاب اور بارشوں سے 113 افراد زخمی ہوئے جبکہ مزید 8 ہزار 588 جانور مر گئے جبکہ مجموعی طور پر 8 لاکھ 2 ہزار 583 جانور مرے ہیں۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سیلاب کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 4 پلوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے مجموعی طور پر 149 پلوں کو نقصان ہوا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 11 ہزار 811 گھروں کو نقصان ہوا جبکہ مجموعی طور پر 6 لاکھ 82 ہزار 139 گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔
خیبرپختونخوا میں تمام سرکاری عمارات سیلاب متاثرین کیلئے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور صوبائی وزیر کامران بنگش کاکہنا ہے کہ وزیراعلیٰ محمود خان نے صوبے کی سرکاری عمارات متاثرین کیلئے کھولنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں کالجز، لائبریریز سمیت تمام اعلیٰ تعلیم کے دفاتر متاثرین کیلئے کھول دئیے گئے ہیں۔ بلوچستان کے علاقے ہرنائی کے علاقے زرد آلو میں سیلابی ریلے میں پھنسا شخص بہہ گیا، ذرائع کا بتانا ہے کہ سیلابی ریلے میں پھنسا شخص 18 گھنٹے تک مدد کیلئے پکارتا رہا۔