کراچی : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ کراچی کی کارروباری شخصیات سے آج ملاقات کرکے بے حد خوش ہوا ہوں ۔کراچی کا امن بحال ہونے کا سوفیصد کریڈٹ محمد نوازشریف حکومت کو جاتا ہے
کراچی میں عشائیہ تقریب سے خطاب کرتے شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف کی غیرمتزلزل کمٹمنٹ اور خلوص کے باعث کراچی کے شہریوں کو بوری، بھتے اور پرچیوں سے نجات ملی۔یہاں کے امن وامان کے حالات سے تنگ آکر کاروباری برادری نے بیرون ملک منتقل ہونا شروع کردیا تھا، یہ کوئی راز نہیں ۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے سندھ کی حکومت، رینجرز، افواج پاکستان اور تمام شعبہ ہائے زندگی کو اعتماد میں لے کر زبردست پروگرام لانچ کیا۔اس مہم کے نتیجے میں سندھ کا امن دہائیوں بعد واپس لوٹ کر آیا تھا۔میاں نوازشریف کی کراچی کے حوالے سے سب سے بڑی خدمت کراچی کا امن واپس لے کر آنا ہے ۔ تاریخ کے اوراق میں محمد نوازشریف کی کاوش ہمیشہ یاد رہے گی ۔
شہبازشریف نے کہا کہ بدقسمتی سے لوڈشیڈنگ آج پھر ایک حقیقت بن چکی ہے ۔کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی اپنے بجلی پلانٹ موجود ہونے کے باوجود نہیں چلارہے ہیں ۔کراچی الیکٹرک اپنے پلانٹ چلانے کے بجائے واپڈا سے 700 میگاواٹ بجلی روز لے رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ میں نے بہت شور مچایا کہ کراچی الیکٹرک اپنے پلانٹ چلائے ، پاکستان کی سوچ کے حوالے سے بات ہونی چاہئے ۔کراچی الیکٹرک اپنے 300 میگاواٹ کے پلانٹ کیوں نہیں چلاتی ۔کے الیکٹرک والے واپڈا سے سستی بجلی لے کر کراچی کے شہریوں کو مہنگی بیچ رہے ہیں۔