لاہور: ینگ ڈاکٹرز اور مختلف میڈیکل یونیورسٹیز کے طلبہ و طالبات نے این ایل ای امتحانات کے خلاف احتجاج کیا۔ پولیس نے احتجاج ختم کروانے کے لیے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا۔
ینگ ڈاکٹرز اور پنجاب کی مختلف میڈیکل یونیورسٹیز کے طلبہ و طالبات نیشنل لائسنسنگ امتحان کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے اور برکت مارکیٹ امتحانی مرکز کے باہر احتجاج کیا۔
مظاہرین نے امتحانی مرکز میں داخل ہونے کی کوشش کی تو وہاں موجود پولیس حرکت میں آئی۔ دھکم پیل کے دوران پولیس نے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ جس سے کئی مظاہرین کی طبیعت خراب ہو گئی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ این ایل ای کے امتحانات مسلط کیے گئے۔ مخالفت پر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نے غلط فہمی میں احتجاج کیا۔ ان پر نا شیلنگ کی اور نا ہی لاٹھی چارج ہوا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ فی الحال تو انہوں نے احتجاج ختم کر دیا ہے۔ اگر حکومت نے فیصلہ واپس نہ لیا تو ایک مرتبہ پھر سڑکوں پر نکل آئیں گے۔