کراچی، کیمیکل فیکٹری میں آتشزدگی، جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہو گئی

05:00 PM, 27 Aug, 2021

کراچی: کورنگی مہران ٹاؤن میں کیمیکل فیکٹری میں آتشزدگی سے 17 مزدور جاں بحق جب کہ فائر بریگیڈ کے 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔

مہران ٹاؤن میں واقع کیمیکل فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر لی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ فیکٹری پہنچ گیا اور آگ بجھانے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں تاہم آگ اس قدر شدید تھی کہ فائر بریگیڈ حکام نے آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیتے ہوئے شہر بھر سے فائر ٹینڈرز کو طلب کر لیا تھا۔ 

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق فیکٹری کے اندر متعدد مزدوروں کے پھنسے ہونے کی اطلاعات ہیں جب کہ فیکٹری کے اندر دھواں بھر جانے کے باعث مزید افراد کی ہلاکتوں کا خدشہ ہے اور اس لئے فیکٹری کی دیواریں گرانے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ فیکٹری سے اب تک 13 مزدوروں کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جب کہ زخمی ہونے والے مزدوروں میں سے مزید 4 دم توڑ چکے ہیں اور فیکٹری میں دھویں کے باعث اندر جانا ممکن نہیں جب کہ 2 فائر فائٹرز بھی کارروائی کے دوران عمارت سے گرنے سے شدید زخمی ہو گیا ہے۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں سے 5 افراد کی شناخت سلمان، فرمان، علی، حسن اور فرحان کے نام سے ہوئی ہے، علی، حسن، فرمان اور فرحان ایک ہی خاندان کے ہیں۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورنگی فیکٹری میں آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی اور محکمہ لیبر سے تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ نے جاں بحق مزدوروں کے خاندانوں کی بھرپور مدد کرنے اور زخمیوں کا علاج کرانے کی ہدایت کی ہے۔

مزیدخبریں