لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور چیف سلیکٹر انضمام الحق نے بابراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ 70 سے 80 رنز بنا کر وکٹ گنوا دینا مجھے پسند نہیں، بابراعظم کو بڑی اننگز کھیل کر مثال بننا چاہئے۔
سابق کپتان انضمام الحق نے کہا کہ بابر اعظم کو سنچری بناتے ایک عرصہ ہو چکا ہے حالانکہ وہ ایسے کرکٹر ہیں جن کے بارے میں ہم سب ہی یہ خواہش رکھتے ہیں کہ وہ باقاعدگی سے رنز اور سنچریاں بنائیں، اور انہیں لازمی طور پر ایسا کرنا بھی چاہئے کیونکہ وہ اس وقت اپنے کھیل کے عروج پر ہیں۔
سابق کپتان نے کہا کہ مجھے بابراعظم کی جانب سے 70، 80 رنز بناکر وکٹ گنوا دینا پسند نہیں ہے، انہیں بڑی اننگز کھیلنا اور ساتھی بلے بازوں کیلئے مثال بننا چاہئے۔ انضمام الحق نے محمد رضوان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بھی بڑی اننگز کھیلنے کی ضرورت ہے کیونکہ بڑی ٹیموں کے خلاف ان کے 20 یا 30 رنز کسی کام کے نہیں ہیں۔
انضمام الحق کا کہنا تھا کہ میں اس حوالے سے ایک بار پھر فواد عالم کو کریڈٹ دوں گا جو کریز پر سیٹ ہونے کے بعد بڑی اننگز کھیلتے ہیں اور کم از کم اننگز کو سنچری تک تو لے جاتے ہیں جو اچھی بات ہے، دیگر بلے بازوں کو بھی اس معاملے میں ان کی پیروی کرنی چاہئے۔
انضمام الحق نے ٹیل اینڈرز کی بھی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے عمدگی سے اپنی ذمہ داری نبھائی جبکہ باؤلرز نے پوری سیریز میں اچھا پرفارم کیا، خاص طور پر جب کم ہدف کے دفاع کا معاملہ ہو تو وہ اپنی پوری جان لڑا دیتے ہیں۔