ٹک ٹاکر عائشہ کیخلاف کارروائی کیلئے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر

12:52 PM, 27 Aug, 2021

لاہور: گریٹر اقبال پارک میں دست درازی کا شکار ہونے والی ٹک ٹاکر عائشہ کے خلاف کارروائی کیلئے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق درخواست میں آئی جی پنجاب ، عائشہ اکرم اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سمیت دیگر افراد کو فریق بنایا گیا ہے ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا کی ویڈیوز کے مطابق عائشہ اکرم نے خود اپنے فالورز کو گریٹر اقبال پارک آنے کی دعوت دی ۔ پارک کے گارڈ کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاکر کے پاس 2 بار بچ نکلنے کا موقع تھا لیکن وہ خود نہیں گئی جس کے باعث یہ واقعہ پیش آیا ۔

درخواست گزار کا موقف ہے کہ عائشہ کی ایک غلطی کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام بدنام ہوا ۔ لہذا ہجوم کو اکسانے کے جرم میں عائشہ اکرم کے خلاف فوجداری کارروائی کی جائے ۔

عدالت سے درخواست میں گزارش کی گئی کہ ٹک ٹاک سمیت دیگر سوشل میڈیا ایپس سے غیر اخلاقی مواد ہٹا کر ریگولیٹ کیا جائے ۔ اس کے علاوہ ٹک ٹاکرز کے پبلک مقامات سے فینز سے ملنے کیلئے بھی ایس او پیز بنائے جائیں ۔

واضح رہے کہ گریٹر اقبال پارک واقعہ پر وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے نوٹس کے بعد پولیس ہنگامی بنیادوں پر اس کیس کی تحقیقات کر رہی ہے ۔ اس سلسلے میں پولیس متعدد افراد کو گرفتار کر چکی ہے جن سے تحقیقات جاری ہے ۔

مزیدخبریں