لندن: انگلش ٹیم کے کپتان جوروٹ نے لیڈز ٹیسٹ میں میں ایک بڑی کامیابی اپنے نام کرتے ہوئے پاکستان کے عظیم کھلاڑی جاوید میانداد کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ وہ بھارت کیخلاف سب سے زیادہ رنز بنانے والے دنیا کے چوتھے نمبر کے بلے باز بن گئے ہیں۔
خیال رہے پاکستان کے لیجنڈ بلے باز جاوید میانداد نے انڈیا کیخلاف 39 اننگز میں 2228 رن بنائے تھے۔ انہوں نے ہندوستان کے خلاف پانچ سنچریاں بھی اپنے نام کی ہیں۔
اب انگلش کپتان جوروٹ نے انڈٰین ٹیم کیخلاف ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں اکتالیس اننگز میں 2230 رن بنا لئے ہیں۔
یہ بات ذہن میں رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھارت کیخلاف سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ آسٹریلوی بلے باز رکی پونٹنگ کے نام ہے۔
رکی پونٹنگ نے انڈیا کیخلاف ٹیسٹ میں اکیاون اننگز میں بلے بازی کرتے ہوئے 2555 رنز بنائے تھے۔ وہ ہندوستان کے خلاف ٹیسٹ میں آٹھ سنچریاں بھی بنا چکے ہیں۔
دوسرے نمبر پر سابق انگلینڈ کپتان الیسٹر کک ہیں جنہوں نے انڈیا کیخلاف 54 اننگز میں بلے بازی کی اور 2431 رنز بنائے۔ اس میں ان کی سات سنچریاں بھی درج ہیں۔
اس کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے سابق کھلاڑی کلائیو لائیڈ نے انڈیا کیخلاف ٹیسٹ کرکٹ میں چوالیس اننگز کھیلیں اور کل 2344 رنز بنائے۔ انہوں نے ہندوستانی ٹیم کیخلاف ٹیسٹ کیریئر میں 7 سنچریاں بنائی تھیں۔
خیال رہے کہ اینڈرسن کی قیادت میں برطانوی باؤلرز نے انڈین ٹیم کو تیسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے ہی روز 40.4 اوورز میں محض 78 رنز پر آؤٹ کر دیا تھا۔