لاہور: معروف اداکارہ زارا نور عباس نے انکشاف کیا ہے کہ اسد صدیقی کے ساتھ ان کی شادی کرانے میں سجل علی اور بشری انصاری کا اہم کردار تھا۔
ٹی وی ہوسٹ عفت عمر کو دیئے گئے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ سات سال قبل میری خالہ بشری انصاری نے ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران مجھے اسد صدیقی سے ملوایا تھا اور ہماری بات بھی کروائی تھی تاہم یہ سلسلہ ادھر ہی رک گیا اور ہم اپنی اپنی زندگیوں میں مصروف ہو گئے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سات سال کے بعد میری اسد کے ساتھ شادی محض چند ہفتوں کے اندر طے ہو گئی۔اس حوالے سے انہوں نے مزید بتایا کہ ہمارے گھر کی تمام خواتین سیر کے لیے ملائشیا گئی تھیں اور دو دن بعد اسد نے کال کر کے مجھے بتایا کہ وہ اپنی فیملی کو لے کر ہمارے گھر آ رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ میری خالہ نے کال کر کے میرے گھر والوں کو کہا کہ اسد میرا بیٹا ہے اور ہم اس کے لیے آپ کی بیٹی کا رشتہ مانگ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ رشتہ کرانے میں سجل علی، عاصم اظہر اور یاسر حسین کا بھی بہت بڑا کردار تھا، میں اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں کہ میری زندگی میں اتنے اچھے دوست موجود ہیں۔