کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ کو پہلی بار ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچانے والے آل راؤنڈر گرانٹ ایلیٹ نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔انگلینڈ میں جاری وٹالٹی بلاسٹ میں برمنگھم بیئرز کی نمائندگی کرنے والے ایلیٹ نے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے جوہانسبرگ سے کیریئر کا آغاز کیا اور برمنگھم میں اختتام۔ 12سال کی عمر میں اپنے کیریئر کے اہداف متعین کیے تھے کہ میں ورلڈ کپ، انٹرنیشنل کرکٹ اور کاؤنٹی کھیلوں گا اور 27سال بعد میں نے یہ سب حاصل کر لیا ہے۔2016 میں ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے 39سالہ ایلیٹ نے گزشتہ سال انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونے کے بعد کولپاک ڈیل پر دستخط کر دیے تھے۔
تاہم انہوں نے پاکستان سپر لیگ، بنگلہ دیش پریمیئر لیگ اور سپر اسمیش سمیت دنیا بھر میں ٹی20 لیگ کھیلنے کا سلسلہ جاری رکھا جبکہ وہ گزشتہ سال پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون کی ٹیم کے رکن بھی تھے۔ گرانٹ ایلیٹ نے اس دورے کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ "لاہور جانا ایسا ہی ہے جیسا کہ اپنے گھر جانا"انہوں نے مزید کہا کہ میں لاہور میں کبھی نہیں رہا ہوں، لہذا میں واقعی میں منتظر ہوں۔مجھے لگتا ہے کہ میں لاہور نہیں اپنے گھر جا رہا ہوں۔
گرانٹ ایلیٹ نے 5 ٹیسٹ، 83 ون ڈے اور 17 انٹرنیشنل ٹی20 میچوں میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کی۔