حج پرمٹ کے بغیر مشاعر لے جانےوالوں کو قید اور جرمانے کی سزا دی جائیگی

01:43 PM, 27 Aug, 2017

جدہ : ڈائریکٹریٹ جنرل جوازات کے ترجمان کرنل طلال شلھوب نے کہا ہے کہ بغیر پرمٹ کے حج پر جانے اور انہیں سفری سہولت فراہم کرنےوالوں کو قید اور جرمانے کی سزا ئیں دی جائیں گی ۔

حج ٹرمنل پر امیگریشن سروسز کا جائزہ لینے ک انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کرنل شلھوب نے مزید کہا کہ حج ٹرمنل پر جوازات کی جانب سے کاﺅنٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے جبکہ اضافی عملہ بھی کاﺅنٹرز پر تعینات کیا گیا ہے تاکہ ضیو ف الرحمان کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔امیگریشن کاﺅنٹرز پر موجود اہلکار مکمل طور پر تربیت یافتہ ہیں ۔ ہماری کوشش ہے کہ بہتر سے بہتر سہولتیں عازمین حج کو فراہم کی جائیں ۔ داخلی عازمین حج کے بارے میں سوال پر کرنل شلھوب کا کہنا تھا کہ وزرات حج کی جانب سے داخلی عازمین کےلئے حج پرمٹ کا قانون نافذ ہے جس کے حصول کےلئے وزارت حج و عمرہ ، گورنریٹ اور جوازات کی جانب سے قوانین موجود ہیں جن پر عمل کرنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے ۔ داخلی عازمین کےلئے بھی لازمی ہے کہ وہ حج خدمات فراہم کرنے والے گروپ کی خدمات حاصل کرے۔

لائسنس یافتہ حج گروپس کی فہرست وزرات حج کی ویب سائٹ پر موجود ہے جن میں کم لاگت والے حج پیکیج بھی موجود ہیں ۔ وزارت داخلہ کے مطابق ایسے افراد جو بغیر پرمٹ کے لوگوںکو مشاعر لے جانے والوں کےخلاف سخت تادیبی کارروائی کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق ایسے افراد کو پہلی بار خلاف ورزی کرنے پر 10 ہزار ریال جرمانہ ، 15 دن کی جیل کی سزا کے علاوہ انکی گاڑی بحق سرکار ضبط کر لی جائےگی ۔ترجمان جوازات نے مزید کہا کہ اگر گاڑی کا ڈرائیور غیر ملکی ہو گا تو اسے ملک بدر کرکے مقررہ مدت تک کےلئے بلیک لسٹ کر دیا جائےگا ۔

دوسری مرتبہ خلاف ورزی پر جرمانے کی رقم 25ہزار ریال جبکہ 2 ماہ قید کی سزاہو گی ۔ تیسری بار خلاف ورزی کے مرتکب ہونے والے پر جرمانہ 50 ہزار ریال اور 6 ماہ قید ہو گی جبکہ گاڑی ضبط اور غیر ملکی ڈرائیور ہونے کی صورت میں ملک بدری اور بلیک لسٹ کی سزا بھی دی جائےگی ۔ جرمانے کے بارے میں کرنل شلھوب نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بغیر پرمٹ کے لوگوں کو مشاعر لے جانے والے ڈرائیور پر جو جرمانہ عائد کیا جائے گا ،وہ گاڑی میں موجود سواریوں کے مطابق ہو گا ۔اگر گاڑی میں 4 افراد سوار ہو نگے جنہیں مشاعر مقدسہ لے جایا جا رہا ہو گا تو 10 ہزار ریال فی سواری کے حساب سے 40 ہزار ریال جرمانہ ہو گا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں