فیس بک نے نفرت انگیز مواد پر مبنی لاکھوں اکاؤنٹس بند کرنا شروع کر دیئے,چیف سیکورٹی افسر  

12:40 PM, 27 Aug, 2017

نیویارک :سماجی رابطوں کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک نے روزانہ کی بنیاد پر نفرت انگیز خیالات کی تشہیر کرنے والے 10 لاکھ سے زائد اکاؤنٹ بند کرنا شروع کر دیئے ہیں۔

فیس بک کے چیف سیکورٹی افسر کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ سپیم ، فراڈ ، جعلی اور دیگر نفرت انگیز اکاؤنٹس روکنے کی مسلسل کوشش کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ فیس بک صارفین کی تعداد دو ارب سے تجاوز کر چکی ہے جس میں فراڈیوں نے بھی ہزاروں کی تعداد میں جعلی اکاؤنٹس بنا رکھے ہیں۔کمپنی ان سب منفی کرداروں کی نشاندہی اور بندش میں مشکل کا شکار ہے کیونکہ غلطی سے کئی ایسے اکاؤنٹ بھی اس کی زد میں آ کر بند ہو جاتے ہیں جو فیس بک قواعد کی خلاف ورزی کے مرتکب نہیں ہوتے۔

چیف سیکورٹی افسر فیس بک ایلکس سٹاموس کا کہنا ہے کہ روزانہ لاکھوں کروڑوں مرتبہ لوگوں اور اکاؤنٹس کے درمیان رابطے ہوتے ہیں اور ان سب کے لیے قوانین بنا کر انہیں زبردستی لاگو نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے نفرت انگیزی پھیلانے کا باعث بننے والے 10 لاکھ سے زائد اکاؤنٹس روزانہ کی بنیاد پر بند کرنے کی تصدیق کی ہے لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا ہے کہ اکاؤنٹس بند ہونے کی زد میں آنے والے اکاؤنٹس کے ذمے دار تکنیکی مسائل ہیں ناکہ قواعد و ضوابط۔

اس سے قبل خود مارک زکربرگ بھی کہہ چکے ہیں کہ فیس بک کا نظام مکمل طور پر درست نہیں اور اس میں کئی غلطیاں موجود ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کی کمپنی مزید 3000 موڈریٹر بھرتی کر رہی ہے تاکہ جعلی اور رنگ ، نسل اور زبان کی بنیاد پر نفرت پھیلانے والے اکاؤنٹس بند کئے جا سکیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں