آڈیو لیک کیس: پیمرا ، پی ٹی اے ، ایف آئی اے اور آئی بی نے جسٹس بابر ستار پر اعتراض کردیا،سماعت سے علیحدہ ہونے کی استدعا

آڈیو لیک کیس: پیمرا ، پی ٹی اے ، ایف آئی اے اور آئی بی نے جسٹس بابر ستار پر اعتراض کردیا،سماعت سے علیحدہ ہونے کی استدعا

اسلام آباد : ثاقب نثار کے بیٹے کی آڈیو لیکس کیس میں  چار اداروں نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں متفرق درخواست دائر کردی ہے۔ درخواست میں جسٹس بابر ستار کو کیس سے علیحدہ ہونے کی استدعا کی گئی ہے۔آڈیو لیکس کے خلاف بشریٰ بی بی اور نجم ثاقب کی درخواست زیر سماعت ہے ۔ 

اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیمرا ، پی ٹی اے، ایف آئی اے اور آئی بی نے متفرق درخواستیں دائر کردی ہیں۔ آڈیو لیکس  کے خلاف  کیس میں وفاقی حکومت نے اسلام آبادہائی کورٹ کے جسٹس بابرستار پر اعتراض اٹھا دیا۔ 

درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسی نوعیت کے دوسرے کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کا ایک اور بینچ فیصلہ دے چکا  ہے۔ چیئرمین پیمرا متعدد بار عدالت میں اس مقدمے میں پیش ہوچکے ہیں مگر کیس اب بھی زیر التواء ہے۔انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے جسٹس بابر ستار سماعت سے معذرت کرلیں ۔


درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ اس نوعیت کی درخواست پر فیصلہ دینے والا بینچ اس کیس کی باقی کارروائی بھی آگے بڑھائے۔  بشری بی بی کی آڈیو لیک کیس 29 اپریل کو جسٹس بابر ستار کی عدالت میں زیر سماعت ہے۔ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نے بھی آڈیو لیک کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی کو چیلنج کررکھا ہے۔ 

مصنف کے بارے میں