راولپنڈی : چین میں پاکستان کیلئے تیار ہونے والی پہلی ہنگور کلاس آبدوز کی لانچنگ کی تقریب منعقد ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب چین کے ووچانگ شپ بلڈنگ انڈسٹری گروپ کمپنی لمیٹڈ شوانگلیو بیس میں ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ پروجیکٹ پاک چین دوستی میں ایک نئی جہت کا اضافہ کرے گا۔ حکومت نے چینی صدر کے دورہ پاکستان پر 8 ہنگور کلاس آبدوزوں کے حصول کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
معاہدے کے تحت 4 آبدوزیں چین میں تیار کی جائیں گی۔ دیگر 4 آبدوزیں کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ میں تیار کی جائیں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آبدوزیں جدید ترین ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہوں گی۔ ان سے دور تک اہداف کو نشانہ بنایا جا سکے گا۔