اسلام آباد:سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر وزیراعظم محمد شہباز شریف آج تین روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہونگے ،رواں ماہ کے اوائل میں عہدہ سنبھالنے کے بعد وزیراعظم کا یہ پہلا بیرون ملک دورہ ہوگا،کابینہ کے اہم ارکان سمیت اعلی سطح کا وفد بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق اس دورے کے دوران وزیراعظم سعودی قیادت کے ساتھ دوطرفہ ملاقات کریں گے اور خاص طور پر دو طرفہ اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مزید آگے بڑھانے اور سعودی عرب میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔ فریقین کے درمیان باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال ہو گا ۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو باہمی اعتماد، افہام و تفہیم، قریبی تعاون اور ایک دوسرے کا ساتھ دینے کی مستقل روایت پر مبنی ہیں۔پاکستان کے عوام خادم حرمین شریفین کو انتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،دونوں ممالک کے درمیان علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر قریبی باہمی تعاون، دو طرفہ تعلقات کے استحکام کا مظہر ہے۔
واضح رہے سعودی عرب جموں و کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ کا رکن ہے،مملکت سعودی عرب میں مقیم 20 لاکھ سے زائد پاکستانی دونوں برادر ممالک کی ترقی،خوشحالی اور معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح دوروں کا تسلسل، دو طرفہ تعلقات کی خصوصی نوعیت کو ظاہر کرتا ہے۔
وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب سے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکت داری کو مزید وسعت دینے میں مدد ملے گی۔