لاہور: پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل ہو گا جس میں قائد ایوان کے چناؤ پر بحث کی جائے گی۔ سپیکر چوہدری پرویز الٰہی تحریک عدم اعتماد کے باعث اجلاس کی صدارت نہیں کر سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ اپوزیشن نے اجلاس کی تیاری شروع کر دی ہے اور پیپلز پارٹی نے اپنے تمام ارکان کو لاہور پہنچنے کی ہدایت کر دی ہے جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے بھی تمام ارکان اسمبلی کو لاہور پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین گروپ، علیم خان گروپ، چھینہ گروپ اور اسد کھوکھر گروپ کے ارکان کو بھی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ اتحادی گروپوں کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس بھی منعقد کئے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز شریف کی درخواست پر گزشتہ روز محفوظ کیا گیا مختصر فیصلہ سناتے ہوئے گورنر پنجاب کو حلف لینے کیلئے ہدایات جاری کی ہیں اور 28 اپریل تک حلف کی کارروائی مکمل کرانے کا حکم دیا ہے۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی نے مختصر فیصلے میں کہا ہے کہ حلف برداری کی تقریب میں بلاجواز تاخیر کی گئی اور صوبہ 25 روز سے وزیراعلیٰ کے بغیر چل رہا ہے جبکہ حلف میں تاخیر آئین کی خلاف ورزی ہے۔
چیف جسٹس نے مختصر فیصلے میں ہدایت کی ہے کہ کل تک گورنر پنجاب خود یا کسی نمائندے کے ذریعے وزیراعلیٰ پنجاب سے حلف لیں جبکہ فیصلے کی کاپیاں صدر مملکت، گورنر پنجاب کو ارسال کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
قائد ایوان کا انتخاب، پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل ہو گا
02:54 PM, 27 Apr, 2022