لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کیلئے آج فیصلہ کن وقت ہے، آنیوالے دنوں میں لاہور کے کارکنوں کا کردار بہت اہم ہو گا، چاہتا ہوں کال دوں تو کم از کم 20 لاکھ لوگ اسلام آباد پہنچیں۔
لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ 26 سال میں اتنا بڑا جلسہ نہیں دیکھا جتنا مینار پاکستان پر ہوا، میں آپ کو مینار پاکستان جلسے کی مبارکباد دیتا ہوں۔ عمران خان نے کہا کہ جو لیڈر ہوتا ہے وہ قوم میں شعور پیدا کرتا ہے، ملک پر سازش کے تحت امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی، آزاد خارجہ پالیسی کی بات کی تو ہمارے خلاف سازش ہوئی، امریکہ ہمیں ان چیری بلاسم اور تھری اسٹوجز سے کنٹرول کرے گا، یہ فیصلے اپنے ملک کیلئے نہیں بلکہ دوسروں کے مفاد کیلئے کریں گے ، ان کا مقصد صرف اپنی چوری چھپانا ہے جس کیلئے یہ پورے ملک کو غلام بنا دیں گے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ آج آپ کو آگے کی تیاری کرانے آیا ہوں، یہ ضروری ہے کہ آپ کو آئندہ کا لاٗئحہ عمل دوں،چاہتا ہوں جب کال دو تو کم از کم 20 لاکھ لوگ اسلام آباد پہنچیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آپ لوگوں نے میرا پیغام لے کر لوگوں کے پاس گلی محلوں میں جانا ہے،آپ نے لوگوں کے پاس جا کر پاکستان کیلئے تبلیغ کرنی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کل 27 ویں شب کو ہم نے شب دعا کا اعلان کر رکھا ہے، کل محلوں اور علاقوں میں سکرینیں لگیں گی اور دعا کرائیں گے۔مولانا طارق جمیل ملک کیلئے رات ساڑھے 10 بجے خصوصی دعا کریں گے۔ہم سب مل کر پاکستان کیلئے دعا کریں گے۔