نیپیداو : میانمار کی عدالت نے معزول رہنما آنگ سان سوچی کو کرپشن ثابت ہونے پر پانچ سال قید کی سزا سنا دی۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق آنگ سان سوچی کے خلاف کرپشن کے ایک کیس میں یہ سزاسنائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ان کے اوپر کرپشن کے دس کیسز چل رہے ہیں جن کی وجہ سے وہ کئی دہائیوں تک جیل میں رہ سکتی ہیں۔
آنگ سان سوچی پر الزام ہے کہ انہوں نے یانگون کے سابق وزیراعلیٰ پھائیو من تھین سے مجموعی طور پر 11 کلوگرام سونا اور چھ لاکھ ڈالرز وصول کیے تھے۔تاہم آنگ سان سوچی نے ان الزامات کو بے بنیاد اور مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے مسترد کیا ہے۔
میانمار کی فوجہ عدالتیں آنگ سان سوچی کو پہلے بھی 6 سال قید کی سزا سنا چکی ہیں۔ نئے فیصلے کے بعد ان کی قید کی سزا کا دورانیہ 11 سال ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ نوبل انعام یافتہ آنگ سان سوچی کو گزشتہ سال یکم فروری کو فوجی بغاوت کے بعد کو قید کر لیا گیا تھا اور ان پر قانون کی خلاف ورزیوں اور کرپشن سمیت دیگر متعدد الزامات عائد کیے گئے۔