#I_WAS_NOT_IN_THE_ROOM ٹوئٹر ٹرینڈ کا حنا ربانی کھر سے کیا تعلق ہے؟ جانیے

#I_WAS_NOT_IN_THE_ROOM ٹوئٹر ٹرینڈ کا حنا ربانی کھر سے کیا تعلق ہے؟ جانیے

لاہور: نومنتخب وزیرِ مملکت برائے اُمور خارجہ حنا ربانی کھر کے چند  پرانے ویڈیو کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں جس کے بعد  ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بھی بن گیا مگر ان  ویڈیوز میں ایسا کیا ہے اور  ٹوئٹر پر ٹرینڈنگ میں نظر آنے والے ٹرینڈ #I_WAS_NOT_IN_THE_ROOM   کی کہانی کیا ہے؟ آپ کو بتاتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی رہنما حنا ربانی کھر  کی  5  سال قبل 2017 میں عرب ٹیلی ویژن چینل کو   دئیے گئے ایک انٹرویو کے چند کلپس وائرل ہو گئے جن میں سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’میں اس وقت کمرے میں نہیں تھی‘  جس کے بعد ان کا یہ جملہ ٹوئٹر پر موضوع بحث بن گیا اور ویڈیو کلپس وائرل ہونا شروع ہو گئے اور  ان کا یہی جملہ ٹوئٹر پر #I_WAS_NOT_IN_THE_ROOM کے ہیش ٹیگ کے ساتھ ٹرینڈ  کرنے لگا ، اس ویڈیو کے بعد سوشل میڈیا صارفین حال ہی میں وزیرمملکت برائے خارجہ امور کا عہدہ سنبھالنے والی  حنا ربانی کی اہلیت اور پیپلزپارٹی کی ماضی کی حکومت پر تنقید کر رہے ہیں.

 انٹرویو میں میزبانی مہدی حسن نے  حنا ربانی کھر سے ڈرون حملوں کے معاملے پر پاکستان کے مؤقف، پیپلز پارٹی کی قیادت بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ میں آنے سمیت دیگر کئی سوالات کی تاہم  اینکر کے بعض سوالوں کا جواب دیتے ہوئے حنا ربانی کھر یہی کہتی رہیں کہ جہاں یہ تمام فیصلے ہوئے وہ اس کمرے میں نہیں تھیں۔

دوران انٹرویو میزبان نے پوچھا امریکی محکمۂ خارجہ کی ایک کیبل کے مطابق اس وقت کے وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا تھا کہ ڈرون حملوں پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں جب تک اصل اہداف حاصل کیے جا رہے ہیں، ہم قومی اسمبلی میں تو اس کی مذمت کریں گے تاہم ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں۔ جواب میں حنا ربانی کھر نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی نے اُن کی موجودگی میں یہ بات نہیں کی جہاں یہ بات ہوئی  وہ اس وقت اس کمرے میں نہیں تھیں.

حنا ربانی کھر پر تنقید کرنے والوں میں زیادہ تعداد پی ٹی آئی کارکنان اور حامیوں کی ہے جو وزیرمملکت کو قابلیت کے اعتبار سے تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے، سابق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے بھی حنا ربانی کھر کا ویڈیو کلپ شئیر کرتے ہوئے ان پر طنز کیا اور تنقید کرنے والوں کے ساتھ اپنا حصہ بھی شامل کیا۔

مصنف کے بارے میں