اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل کیلئے 3 اسلحہ لائسنس کی منظوری دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی معاشی اور سیاسی صورتحال پر غور کرنے کیساتھ ساتھ کئی اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کو 3 اسلحہ لائسنس رکھنے کی منظوری دی جس ےک تحت انہیں ایک 223 بور اور 2 کلاشنکوف رکھنے کی اجازت ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے دوران شہباز گل پر انڈے اور سیاہی پھینکی گئی جس کا مقدمہ تھانہ پرانی انارکلی میں ہائیکورٹ کے ڈی ایس پی سیکیورٹی کی مدعیت میں درج کیا جا چکا ہے۔ مقدمے میں تین زیر حراست ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے جن میں عتیق، طارق اور غلام عباس شامل ہیں۔
واضح رہے کہ شہباز گل ایک کیس میں پیشی کیلئے لاہور ہائیکورٹ پہنچے تھے جہاں ان کو 2 انڈے مارے گئے جبکہ ان پر سیاہی بھی پھینکی گئی جو کہ ان کے ماتھے اور ہاتھ پر لگی، بعدازاں شہباز گل کا میو ہسپتال میں چیک اپ کیا گیا جس دوران سیاہی کے باعث ان کی بائیں آنکھ متاثر ہونے کا انکشاف ہوا۔