ریاض: سعودی عرب میں حاملہ خواتین کو بھی کورونا ویکسین لگوانے کی اجازت دیدی گئی ہے اور وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ٹرائلز میں فائزر کی کورونا ویکسین کا حمل میں بے ضرر ثابت ہونا ثابت ہو گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب میں خصوصی سائنس کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر حاملہ خواتین کو بھی کورونا ویکسین لگانے کی اجازت دیدی گئی ہے۔ اس حوالے سے سعودی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حاملہ خواتین بھی کورونا ویکسین لگوانے کیلئے خود کو رجسٹرڈ کروا سکتی ہیں کیونکہ ٹرائلز میں فائزر کی کورونا ویکسین کا حمل میں بے ضرر ہونا ثابت ہوگیا ہے۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ہفتے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے بھی ایسی خواتین کو فائزر کی کورونا ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا ہے جو بچوں کو دودھ پلا رہی ہیں جبکہ حاملہ ہونے کیلئے علاج کروانے میں مصروف خواتین کو بھی کورونا وائرس کی ویکسین لگانے کا عندیہ دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں حاملہ خواتین کو کورونا ویکسین لگانے سے اجتناب برتنے کی ہدایت کی گئی ہے، یہ ہدایت پاکستان میں دستیاب چین اور روس کی کورونا ویکسینز ”سائینو فارم، کین سائینو بائیو، سائنو ویک اور سپوتنک وی“ سے متعلق ہے کیونکہ ان ویکسنز کے حاملہ خواتین پر ٹرائل موجود نہیں ہیں۔
قبل ازیں نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن میں شائع ہونے والی ایک ریسرچ میں کہا گیا ہے کہ امریکہ میں 35 ہزار حاملہ خواتین پر فائزر اور میڈورنا کی کورونا ویکسین استعمال کرائی گئیں جس کے دوران ان ویکسنز کے حاملہ خواتین میں محفوظ ہونے کے سائنسی شواہد ملے ہیں۔
خیال رہے کہ ابتدا میں کورونا ویکسین کے ٹرائل حاملہ خواتین پر نہیں ہوئے تھے اس لئے دوران حمل ویکسین لگانے کی سفارش نہیں کی گئی تھی تاہم اب فائزر اور میڈورنا نے حاملہ خواتین پر ٹرائل بھی مکمل کرلیا ہے جس کے بعد مختلف ممالک میں حاملہ خواتین کو ویکسین لگانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
سعودی عرب میں حاملہ خواتین کو کورونا ویکسین لگوانے کی اجازت دیدی گئی
10:13 PM, 27 Apr, 2021