نئی دہلی ، بھارت میں کورونا وائرس بے قابو ہوگیا ۔ مسلسل چھٹے روز کورونا وائرس کے تین لاکھ سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے مسلسل چھٹے روز تین لاکھ سے زائد کیسز سامنے آئے جن میں 3 لاکھ 23 ہزار سے زائدا فراد کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی جب کہ مزید 2771 افراد ہلاک ہوگئے۔
بھارت میں کورونا کے کل کیسز کی تعداد ایک کروڑ 76 لاکھ 36 ہزار سے زائد ہوگئی ہے جب کہ اموات ایک لاکھ 97 ہزار سے زیادہ ہیں۔
بھارت میں مسلسل لاکھوں کیسز سامنے آنے سے انتہائی بدترین صورتحال کا سامنا ہے جہاں اسپتال مکمل بھر چکے ہیں اور مریضوں کے لیے آکسیجن کی قلت ہے اور آکسیجن نہ ملنے سے متعدد اموات ہوئی ہیں۔
بھارت میں کورونا کی بدترین صورتحال کے پیش نظر آسٹریلیا نے بھارت سے آنے والی پروازوں پر پابندی عائد کردی ہے جو 15 مئی تک نافذ کی گئی ہے۔آسٹریلوی حکومت نے بھارت سے آنے والی براہ راست پروازوں کے ساتھ بھارت سے کنکٹ پروازوں پر بھی پابندی لگائی ہے۔اس سے قبل ہانگ کنگ، متحدہ عرب امارات، نیدرلینڈ اور امریکا سمیت دیگر ممالک بھی بھارت کے ساتھ فضائی آپریشن معطل کرچکے ہیں۔
دوسری جانب بھارتی الیکشن کمیشن نے ملک میں کورونا کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے انتخابات میں نتائج آنے پر جیت کی خوشی منانے پر پابندی عائد کردی ہے جس کے تحت انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والی کوئی بھی جماعت یا امیدوار اپنی فتح کے جشن کے لیےکسی ریلی یا جلسے کا انعقاد نہیں کریں گے.
اس کے علاوہ ریاست گجرات کی حکومت نے رات کے اوقات میں لگائے گئے کرفیو کو مزید 9 شہروں تک پھیلادیا ہے جس کے بعد اب ریاست گجرات کے کل 29 شہروں میں رات کے اوقات میں کرفیو نافذ ہے۔
ریاست گجرات میں ریسٹورینٹس، سوئمنگ پولز، سنیما، شاپنگ سینٹرز اور واٹر پارک بھی 5 مئی تک بند رکھنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔