لاہور،کورونا کی تیسری لہر کی وجہ سے اس سال بھی اجتماعی اعتکاف نہیں ہوگا ۔ چار سے پانچ افراد الگ الگ حجروں میں اعتکاف پر بیٹھ سکیں گے ۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت کی وجہ سے پنجاب میں اس سال بھی رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں مساجد میں اجتماعی اعتکاف کے پروگرام منسوخ کردیئے گئے ہیں، سنت رسول ﷺ کی ادائیگی کے لئے چار سے پانچ لوگ اعتکاف بیٹھ سکیں گے۔
کورونا وبا کے پیش نظر ماہ رمضان کے آخری عشرے میں محدود پیمانے پر اعتکاف کیا جائے گا، اجتماعی اعتکاف کی بجائے مقامی مساجد میں چار سے پانچ افراد الگ الگ حجروں میں اعتکاف بیٹھ سکیں گے۔ رمضان المبارک کےآخری عشرے میں ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی لاکھوں فرزندان اسلام اعتکاف بیٹھتے ہیں۔اس سال کورونا وائرس کی تیسری لہر کی وجہ سے اجتماعی اعتکاف کے اجتماعات منسوخ کردیئے گئے ہیں۔حکومت کے مطابق گزشتہ سال کی طرح اس مرتبہ بھی سنت رسول ﷺ کی ادائیگی کیلئے مساجد میں چار سے پانچ لوگ اعتکاف بیٹھیں گے۔
محکمہ اوقاف ومذہبی امور پنجاب کے ترجمان آصف اعجاز نے بتایا کورونا کی وجہ سے اس سال بھی اوقاف کے زیرانتطام مساجد خاص طورپرجامع مسجد داتادربار،بادشاہی مسجد اورمسجد وزیرخان میں اجتماعی اعتکاف نہیں ہوگا، منتظمین کو آگاہ کردیا گیاہے۔ انہوں نے بتایا کہ چندافراد کو اعتکاف بیٹھنے کی اجازت ہوگی۔ اسی طرح تحریک منہاج القرآن نے بھی شہراعتکاف منسوخ کردیا ہے۔ اعتکاف ببیٹھنے کے خواہش مند افرادسے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے گھروں میں اعتکاف بیٹھیں یااعتکاف کے اخراجات کی رقم سےغریب اور مستحقیین کو راشن خریدکردیں، اس رقم سے کورونا ویکسین بھی لگوائی جاسکتی ہے۔