اسلام آباد، ملک میں جاری کرونا کی تیسری لہر کے پیش نظرتمام امتحانات 15 جون تک ملتوی کردیئے گئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ کرونا کی بگڑتی صورت حال کے پیش نظر پندرہ جون تک تمام امتحانات ملتوی کردئیے گئے ہیں،اب او لیول کے امتحانات اکتوبر اور نومبر میں ہوں گے۔
پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بتایا کہ جن طلبا کا سال ضائع ہونےکاخدشہ ہے وہ اسی ڈیٹ شیٹ پرامتحان دے سکیں گے، اس حوالے سے کیمبرج انتطامیہ سے بات چیت ہوئی ہے، کمیبرج نےکہا ہے کہ اکتوبر نومبر میں امتحانات پر اضافی فیس نہیں ہوگی، جو بچے امتحان دینگے وہ سخت ایس اوپیز کےساتھ ہونگے، اگر کہیں امتحان ہوئے تو 50سےزیادہ بچے نہ ہوں۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ وزرائے تعلیم کی ایک میٹنگ اٹھارہ اپریل کو ہوئی، جس کے بعد ملک بھر میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہوا۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز پاکستان بھر میں او، اے لیولز کے امتحانات شروع کئے گئے تھے، کرونا کی تیسری لہر کے باعث امتحانات کے انعقاد پر سیاسی رہنماؤں نے بھی شدید ردعمل کا اظہار کیا تھا، ان امتحانات کو ملتوی کرانے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں بھی ایک درخواست دائر کی گئی تھی، تاہم وزیرِ تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ امتحانات اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے۔
دوسری جانب کرونا کے باعث جنوبی ایشیا سمیت دنیا بھر کے ممالک نے کیمبرج کے امتحانات ملتوی کررکھے ہیں۔