اسلام آباد،جہانگیر ترین کے حامی ارکان اسمبلی نے وزیراعظم کی جانب سے تمام مطالبات تسلیم کرنے کا دعویٰ کردیا ۔
رکن قومی اسمبلی راجا ریاض نے کہا ہے کہ ملاقات میں وزیراعظم نے یقین دلایا ہے کہ ہر صورت انصاف ہوگا ،کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دیں گے۔نذیر چوہان کہتے ہیں کہ وزیراعظم نے ان کی تمام باتیں مان لیں،شہزاد اکبر سے متعلق تحفظات پر وزیراعظم نے کہا کہ جہانگیر ترین کیس خود مانیٹر کریں گے۔
اسلام آباد میں جہانگیر ترین کے ہم خیال گروپ نے وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کی۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نذیر چوہان نے کہا کہ وزیراعظم نے تفصیل سے ہماری بات سنی، ہم نے وزیراعظم کے سامنے تحفظات رکھے، وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی ہے جہانگیر ترین کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی، ہم نے مطالبہ کیا شہزاد اکبر کی ٹیم سے کیسز لے کر غیر جانبدار ٹیم بنائیں۔
رکن قومی اسمبلی راجا ریاض نے کہا کہ وزیراعظم سے خوشگوار ماحول میں بات ہوئی، وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی ہے انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے، شہزاد اکبر سے متعلق تحفظات وزیراعظم کے سامنے رکھے، وزیراعظم نے کہا معاملہ مجھ پرچھوڑ دیں، کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دوں گا۔
وزیراعظم سے ملاقات سے قبل ارکان اسمبلی نے جہانگیر ترین سے ملاقات کی تھی۔ وزیراعظم سے ملاقات میں جہانگیر ترین موجود نہیں تھے۔