طالبان کے مزید قیدی رہا نہیں کریں گے: سربراہ افغان خفیہ ایجنسی

03:02 PM, 27 Apr, 2021

کابل :افغان  خفیہ ادارے کے سربراہ کا کہنا ہے طالبان امن میں دلچسپی نہیں رکھتے، دوحا معاہدے کے بعد طالبان کی کارروائیوں میں 24فیصد اضافہ ہوا۔ رہا کئے گئے بہت سے طالبان قیدی دوبارہ جنگ میں شامل ہوگئے، اب مزید طالبان قیدیوں کی رہائی کی کوئی وجہ نہیں بنتی۔

کابل میں نیوز کانفرنس میں  این ڈی ایس چیف احمدزئی سراج نے کہا کہ طالبان تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے افغان فورسز کیخلاف تشدد جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ افغانستان ہمیشہ امن کا داعی رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانچ ہزار طالبان قیدیوں کی رہائی امن عمل میں مددگار ثابت نہیں ہوئی، افغانستان میں طالبان کی مدد کے بغیر کوئی  گروپ آپریٹ نہیں کرسکتا۔ان کا کہنا تھا کہ طالبان کے جنگجو گروپوں سے اب بھی آپریشنل تعلقات ہیں۔

واضح رہے کہ طالبان اور امریکا کے درمیان دوحہ میں معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت طالبان قیدی رہاکیے جانے تھے جبکہ امریکا نے اپنے فوجیوں کو افغانستان سے نکالنا تھا اور طالبان نے تشدد کی کارروائیاں بند کرنا تھیں۔

امریکی فوجیوں کا گزشتہ روز سے انخلا شروع ہوگیا ہے ۔امریکی صدر جو بائیڈن کے اعلان کے مطابق نائن الیون کی بیسویں برسی سے قبل سارے فوجیوں کو نکال لیا جائے گا۔

مزیدخبریں