مردان میں لاک ڈاؤن لگادیا،مزید شہروں میں لگائیں گے،کورونا ویکسین کی فراہمی آسان نہیں: ڈاکٹر فیصل 

مردان میں لاک ڈاؤن لگادیا،مزید شہروں میں لگائیں گے،کورونا ویکسین کی فراہمی آسان نہیں: ڈاکٹر فیصل 
کیپشن: مرادن میں لاک ڈاؤن لگادیا،مزید شہروں میں لگائیں گے،کورونا ویکسین کی فراہمی آسان نہیں: ڈاکٹر فیصل 
سورس: file

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ این سی او سی کی ہدایت پر مردان میں لاک ڈاؤن لگادیا گیا ہے۔ اگر ایس او پیز پر عمل نہ ہوا تو مزید شہروں میں بھی لاک ڈاؤن لگے گا۔ ملک بھر میں اب تک 20 لاکھ افراد کی ویکسی نیشن ہوگئی ہے۔ دنیا میں طلب کے باعث کورونا ویکسین کی فراہمی حاصل کرنا آسان نہیں۔

این سی او سی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ویکسی نیشن کی دنیا بھر میں کمی ہے۔ ملک میں یہ تاثر پھیلایا جا رہا ہے کہ حکومت امداد کی ویکسی نیشن پر انحصار کر رہی ہے جو کہ بالکل غلط ہے۔ حکومت نے 30 مارچ سے اب تک 30 لاکھ ویکسین خریدی ہیں جبکہ 17 لاکھ ڈوز چین کی طرف سے بطور تحفہ دی گئی ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ ویکسی نیشن ضرور کرانی چاہیے لیکن اس وقت ویکسین کی شارٹج ہے ہم نے 3 کروڑ ویکسی نیشن کی خریداری کیلئے 3 کمپنیوں سے معاہدے کیے ہیں لیکن یہ بات ذہن میں رکھیں کہ آپ کے پاس چاہے جتنے بھی پیسے ہیں لیکن اگر ویکسین ہی نہیں ہے تو آپ کہاں سے خریدیں گے۔ کینیڈا اور آسٹریلیا نے ایڈوانس میں پیسے دیے تھے لیکن ان کو بھی ویکسین کی پوری مقدار نہیں ملی۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ  50 سال سے زائد عمر کے افراد کیلئے واک ان ویکسی نیشن شروع کردی گئی ہے۔ جبکہ آج سے 40 سال سے زائد عمر کے افراد کیلئے صرف رجسٹریشن شروع ہوئی جلد ان کو بھی لائحہ عمل بتایا جائے گا۔ کورونا ویکسی نیشن سنٹرز جمعہ کو بند،اتوار کو کھلے ہوتے ہیں۔ملک میں 1200 کورونا ویکسی نیشن سنٹرزبنائے گئے ہیں۔ 

 آکسیجن کے حوالے سے ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ آکسیجن کے پلانٹس کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے،۔انڈسٹری سے آکسیجن کا کوٹہ لیکر اسپتالوں کو دیا جا سکتا ہے۔آکسیجن کے پلانٹس کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے عوام سے اپیل کی کہ این سی او سی کی ہدایات پر عمل کریں۔ عوام ماسک کا استعمال کریں ۔ سماجی فاصلوں کا بھی خیال رکھیں۔ عید سادگی سے منائیں۔حالات بہتر ہوئے تو پھر دھوم دھام سے منالیں اب احتیاط کریں۔