کیمبرج امتحانات جاری رہیں گے یا نہیں؟ فیصلہ آج ہوگا

کیمبرج امتحانات جاری رہیں گے یا نہیں؟ فیصلہ آج ہوگا
سورس: file

اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ کیمبرج امتحانات میں امتحانی مراکز کے باہر کورونا سے بچاؤ کے ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں ہو رہا ہے۔ 

وفاقی وزیر نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ کیمبرج امتحانات کے انعقاد کی اجازت  سخت ایس او پیز پر عمل پیرا ہونے سے مشروط تھی۔امتحانات کے پہلے روز سے ایسی کئی اطلاعات ملی  ہیں کہ امتحانی مراکز کے باہر ایس او پیز پر بالکل عملدرآمد نہیں کیا جارہا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آج سہ پہر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر کے ایک خصوصی اجلاس میں امتحانات کے انعقاد سے کورونا کے پھیلاؤ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سے ملک میں کورونا وبا کی تیسری لہر میں شدت آنے کے باوجود کیمبرج امتحانات کا آغاز ہوگیا ہے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ جو طلبہ مطمئن نہیں وہ اکتوبر، نومبر میں امتحانات دے سکتے ہیں، کیمبرج طلبہ کو اکتوبر، نومبر کے امتحانات کیلئےاضافی فیس نہیں دینی ہوگی۔