میگا کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانا اول ترجیح ہے ، چیئرمین نیب

میگا کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانا اول ترجیح ہے ، چیئرمین نیب
کیپشن: Image Source: File Photo

اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نےکہا ہے کہ میگا کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانا قومی ادارے کی اولین ترجیح ہے۔


 تفصیلات کے مطابق،  چیئرمین نیب جاوید اقبال نے ان خیالات کا اظہار اپنے زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں کیا۔ ان کا کہنا تھا 179 میگا کرپشن کیسز میں سے 101 ریفرنسز عدالتوں میں دائر کر دیے گئے ہیں جبکہ 46 میگا کرپشن کیسز کو پہلے ہی نمٹایا جا چکا ہے۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ میگا کرپشن کیسز کی 13 انکوائریز اور 19 انوسٹی گیشنز جاری ہیں۔ نیب لوٹی گئی 328 ارب روپے کی رقم قومی خزانے میں جمع کرا چکا ہے۔

ادھر حکومت نے نیب قانون میں بڑی تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ چیئرمین نیب کے اختیارات کمیشن کو منتقل کر دئیے جائیں گے۔ نیب ایک ارب روپے سے کم مالیت کے کرپشن مقدمات کی تحقیقات نہیں کر سکے گا۔

وزارت قانون ذرائع کے مطابق آرڈیننس کے بعد نیب ایک ارب روپے سے کم مالیت کے کرپشن مقدمات کی تحقیقات نہیں کر سکے گا اور صرف میگا کرپشن کے کیسز ہی نیب دائرہ کار میں آئیں گے۔ چئیرمین نیب کے اختیارات کمیشن کو منتقل کر دئیے جائیں گے اور اعلیٰ سطح کمیشن ہی فیصلے کرے گا۔