ڈبلن: آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے معروف باکسر اور مارشل آرٹسٹ کونر میک گریگر نے کروناوائرس کے خلاف جنگ میں ہسپتال کو 1 ملین یورو(تقریبا17کروڑ27 لاکھ پاکستانی روپے) کا سامان عطیہ کیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یو ایف سی سٹار کونر میک گریگر کی جانب سے دی گئی امداد آئرلینڈ میں قائم ’مرسی‘ نامی ہسپتال پہنچ گئی جس پر انتظامیہ نے کھلاڑی کا شکریہ ادا کیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 1 ملین یورو کی مد میں خریدی گئیں طب کی ضروری اشیاء، ہسپتال سٹاف کے لیے حفاظتی سامان اور کروناوائرس سے لڑنے کے لیے آلات ہسپتال پہنچ گئے، امداد میں آکسیجن ایکیوپمنٹس بھی شامل ہیں۔ دنیا بھی کی طرح آئرلینڈ میں بھی کروناوائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔اب تک ملک میں 16 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ مرنے والوں کی مجموعی تعداد 730 ہوچکی ہے۔
خیال رہے کہ کروناوائرس کے خلاف جنگ میں دنیا بھر میں معروف کھلاڑی، فن کار ودیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ دنیا بھر کے 188 سے زائد خطوں میں کورونا وائرس سے بتدریج اضافہ ہورہا ہے اور جہاں اب تک مجموعی تعداد 29 لاکھ 76 ہزار 956 ہوچکی ہے جبکہ 2 لاکھ 6 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسز پر نظر رکھنے والے ویب سائٹ کے اعداد وشمار کے مطابق امریکا بدستور پہلے نمبر پر ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 54 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے تاہم نئے کیسز سامنے کی شرح میں کسی حد تک کمی دیکھی گئی ہے۔