نئی دہلی:بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ انھوں نے زندگی کے اہم دن ہمیشہ اکیلے اور تنہائی میں ہی گزاریں ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق معروف بھارتی فلم سٹار اکشے کمار کے ساتھ اپنے خصوصی انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ میں اپنے تنہائی کے دن گزارنے کے لیے شہر کے سکون آور مقامات کی پہلے سے ہی ریسرچ کر کے رکھتا تھا اور جب موقع ملتا تھا میں جھٹ سے وہاں پہنچ جاتا تھا۔
اپنے ان ایام کے متعلق ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ میں ان دنوں کو خود سے ملنے کا نام دیتا تھا اور میں وہاں بغیر کسی فون ، کاپی پینسل کے دن گزارتا تھا اور خود سے ہم کلام ہوتا تھا اور یہی میری کافی عرصہ تک عادت رہی ہے ۔
ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ میری صبح سویرے چائے پینے کی عادت ہے ، اس کے علاوہ شام کو چھ بجے چائے مجھے ضرور چاہئے ہوتی ہے ورنہ میرا جسم مجھے ملال کرتا ہے۔
اکشے کمار کے ساتھ مسراتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وزیراعظم بننے کے بعد ان کی زندگی میں بہت ہی بدلائو آئے ہیں ، اب وہ پہلے جیسی زندگی میسر نہیں ہے لیکن میں کوشش کرتا ہوں کہ زندگی کے کچھ لمحات کو اپنی روٹین کی لائف کے تحت گزارنے کی کوشش کروں۔