بیجنگ: وزیراعظم عمران خان دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ گول میز سیشن میں شریک ہیں۔ جبکہ چینی صدر شی جن پنگ نے گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنی سرحدوں کو تجارت کیلئے کھولنا ہوگا ،ہمیں اقوام متحدہ کے2030کے ایجنڈے پر مل کرکام کرناہوگا۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کنونشن سینٹر آمد پر وزیراعظم عمران خان کا چینی صدر شی جن پنگ نے استقبال کیا۔کانفرنس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سمیت دیگر عالمی رہنما بھی شریک ہیں۔چینی صدر نے کہا کہ ہمیں اپنی سرحدوں کو تجارت کے لیے کھولنا ہوگا، بنیادی ڈھانچے اور صنعتی ترقی کے لیے مزید کام کرنا ہوگا، ہم مشترکہ جدوجہدسے لوگوں کا معیار زندگی بہتر بناسکتے ہیں۔
صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ عوامی سطح پررابطوں کو فروغ دینا ہوگا، پوری دنیا میں معشیت کو بڑے چیلنجز درپیش ہیں، ہمیں اقوام متحدہ کے 2030کے ایجنڈے پر مل کر کام کرنا ہوگا، ماحولیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنی ہوں گی۔کثیر الجہت تعاون بیلٹ اینڈ روڈ فورم کا بیناد ی ایجنڈا ہے،بی آر آئی خطے کے ممالک کی اقتصادی ترقی کیلئے اہم فورم ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان چار روزہ سرکاری دورے پر چین میں موجود ہیں جہاں انہوں نے دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں اظہار خیال کیا۔ اس کے علاوہ عمران خان اپنے دورے میں چین کی مرکزی قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔